مادری زبان کا احساس اس وقت زیادہ ہوتا ہے جب آپ اپنے وطن سے ہزاروں میل دور ہوتے ہیں جہاں ثقافت ، اقدار، روایات،تہذیب و تمدن ، رہن سہن، نظام   حکومت اور قوانین  اپنے وطن سے عموماٍ  سراسر مختلف ہوتے ہیں۔ تمام تر سہولیات اور بہترین مواقع ہونے کے باوجود وطن کی مٹی بہت یاد آتی ہے۔ دوست احباب اورعزیز و اقارب کی دوستیاں اورمحفلیں یاد آتی ہیں۔اپنی زبان میں گفتگو کرنے کو ترس جاتے ہیں۔

عصر حاضر ڈاٹ ۔کام  کا دور ہے۔ ہر لمحے نئی ایجادات ہو رہی ہیں۔ ہر موضوع پر معتبر  تازہ ترین معلومات میسر ہیں۔پرانے کارہائے نمایاں رفتہ رفتہ دھندلا رہے ہیں۔ادب بھی ان میں شامل ہے۔ انگریزی ادب کی ایک پرانی تاریخ ہے۔ اقوام عالم کے مفکرین کے سنہری نسخے لائبریریوں تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں۔

میں نے اپنے ذاتی تجربات سے اخذ کیا ہے کہ عام  لوگوں کو عموماٍ     اور  تارکین کے لئےخصوصا  دنیا بھر کے جید علما اور ادیبوں کے افکار کو اردو قالب میں ڈھالنے کی شدید ضرورت ہے ۔

اس سائٹ پر سب رنگ افسانوں  اور ناولوں کو اردو زبان میں منتقل کرنے کے کئی مقاصد ہیں۔  پہلا تو یہ تارکین وطن کی اردو زبان کی پیاس بجھائی جاسکے۔ دوسرا یہ کہ اقوام عالم کے ادب کو عام لوگوں تک پہنچایا جا سکے۔تیسرا یہ کہ دیار غیر میں ڈوبتی ہوئی زبان کو سہارا دیا جا سکے اور چوتھا یہ کہ  میرے ملک و قوم نے جو نوازشات مجھ پرکی ہیں ، کو اپنی کم علمی اور اہلیت کے مطابق کمیونٹی کو لوٹا یا جا سکے۔دنیا بھر کے نامور لوگوں کی بصیرت ، افکار، تخیلات حالات و واقعات اور نقطہ نظر کو اپنی زبان میں پیش کیا جا سکے۔

اس قسم کی خدمات بہت سے احباب سر انجام دے رہے ہیں۔ وہ بہت خوبصورت کام کر رہے ہیں۔ میرا مقصد اس کا رخیر میں مدد کرنا اوراپنا حصہ ڈالنا ہے۔اس کے لئے میں نے یہ ویب سائٹ بنائی ہے۔ اس میں میں وہ تصانیف لگائی ہیں جو انٹر نیٹ پر شائع ہو چکی ہیں۔ ایک ذیلی شاخ    فیس بک    پر     جس کا نام

Urdu Readers Group of Prof. GM      ہے،   بنائی ہے۔ جس میں تمام لکھاری دوستوں کو دعوت دی جاتی ہے کہ وہ  اپنی تخلیقات اس پر بھیج سکتے ہیں۔ یہ  فری سائٹ ہے اور قارئین کی خدمت کے لئے قائم کی ہے۔اس میں افسانوں اور تخلیقات پر تبصرے، سفارشات، تجزیات کو سراہا جائے گا۔

یہ سائٹ ادبی ہے۔ اس میں ہر ادبی جہت کا خیر مقدم کیا جائے گا۔ یہ مکمل طور پر غیر سیاسی سائٹ ہے۔کسی  زبان ،مذہب ، ذات، رنگ ونسل اور تعصب سے پاک مواد شائع کیا جائے گا۔ فحش نگاری سے پاک ادب اس سائٹ پر شائع  ہوگا۔ یہ مصنف، مترجم  اور ادبا    کی ذمہ داری ہے کہ وہ کاپی رائٹ کا خیال رکھے۔ خلاف ورزی کرنے والے کے نتائج کی ذمہ داری مصنفین پر ہی ہوگی۔ انتظامیہ معترض مواد کو سائٹ سے ہٹا دے گی۔

آپ کے بھرپور تعاون کا انتظار رہے گا۔

نیاز مند

 

غلام  محی الدین                     17                                                                 مارچ 2020 

ٹورنٹو  ( کینیڈا  )